محفوظ اور صحت مند رہنے کے لیے ہاتھ دھونے کے رہنما اصول

0
475
ہاتھ دھونے
Image Source: UNICEF

ہم سب اوسطاً ایک گھنٹے میں اپنے چہرے کو پندرہ سے تیس مرتبہ چھوتے ہیں لیکن دوسری جانب ، ہم 24 گھنٹے کے دوران اپنے ہاتھوں کو محض 10 بار دھوتے ہیں! اس طرح، دن بھر میں بیکٹیریا اور وائرس پیدا کرنے والے جراثیم کے لیے  ناک اور منہ کے ذریعے ہمارے جسم میں داخل ہونے کے کافی مواقع موجود رہتے ہیں۔

اور اب، جبکہ پاکستان کورونا کی چوتھی لہر سے نمٹنے میں سرگرم ہے تو ہاتھ دھونے کے رہنماء اصولوں پر نظر ڈالنا ہم سب کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ دن بھر باقاعدگی سے اپنے ہاتھوں کو 20 سیکنڈ تک صابن اور پانی سے دھوتے رہنا کورونا وائرس سے بچنے کا ایک آسان اور اہم ترین طریقہ ہے۔

اپنے ہاتھ کس، کس وقت دھونے چاہیئے؟

کھانا تیار کرنے یا کچھ کھانے یا پینے سے پہلے ہمیشہ اپنے ہاتھ ضرور دھویئں۔

ٹوائلٹ استعمال کرنے کے بعد ، یا ڈایپر تبدیل کرنے کے بعد اپنے ہاتھ دھونا لازمی ہیں۔

کوڑا گھر سے نکالنے کے بعد یا جانوروں کو ہاتھ لگانے کے بعد بھی ہاتھوں کو فوری دھونا اہم ہے ۔

اسی طرح، ناک صاف کرنے کے بعد یا زخم پر مرہم لگانے سے پہلے اور بعد میں بھی اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھونا چاہیئے۔

ہاتھ دھونے کے رہنما اصول

1۔ سب سے پہلے اپنے ہاتھوں کو گرم یا ٹھنڈے پانی کے نیچے گیلا کریں۔

2۔ پھر اپنے ہاتھوں پر صابن یا ہینڈ واش لگائیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صابن یکساں طور پر ہاتھوں کی جلد پر پھیل جائے۔ اب نل بند کردیں اور کم از کم 20 سیکنڈ تک اپنے ہاتھوں کے پچھلے اور اگلے حصے کو صاف کرتے رہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ اپنی انگلیوں ، کلائیوں ، انگوٹھوں اور ناخنوں کے درمیان کی جگہوں کو اچھی طرح صابن سے ضرور مل رہے ہوں۔

3۔ اس کے بعد ، نل کھول لیں اور اپنے ہاتھوں سے صابن کو اچھی طرح صاف کرلیں۔

4۔ اب اپنے ہاتھوں کو صاف تولیے یا ٹیشو پیپر سے خشک کرلیں۔

اگر آپ کے گھر میں بچے ہیں تو ان کے ساتھ اس عمل کی مشق کرنے کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اپنے ہاتھوں کی صفائی کا صحیح طریقہ بچپن سے ہی سیکھ لیں۔

ہاتھ دھوتے وقت کن چیزوں سے اجتناب کرنا چاہیے؟

1۔ ہاتھ دھونے کے عمل میں جلدبازی نہ کریں۔

2۔ اپنے ہاتھ دھوتے وقت کسی بھی سطح (جیسے سنک ، ٹونٹی وغیرہ) کو نہ چھوئیں۔

3۔ اپنے بچوں کو ہاتھ دھونے کی مشق شروع کروانے کے بعد کم از کم پہلے چند ہفتوں تک ان کی نگرانی کرتے رہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ کوئی ضروری قدم بھول نہ رہے ہوں۔

یہ بھی ضروری ہے کہ آپ ان سطحوں کو باقاعدگی سے صاف کریں جو آپ کے ہاتھوں سے رابطے میں آتی ہیں تاکہ جراثیم کے پھیلنے سے بچا جا سکے۔

ان تمام مراحل پر عمل کرنا خود کو اور اپنے پیاروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے لازمی ہے۔

محفوظ اور صحت مند رہنے کے طریقوں کے بارے میں مزید معلومات کے لئے ٹویٹر، انسٹاگرام ، یوٹیوب اور فیس بک پر کوویڈ فری پاکستان مہم کو فالو کریں۔